















طویل نظم : کچھ زاہد ڈار کے بارے میں ۔ ۔ ۔
شاعر : طلعت افروز
اگر آپ لاہور کی مال روڈ پر
ٹولنٹن مارکیٹ والے چوک سے
پرانی انارکلی کی اور دیکھیں
تو اُدھر وُہ پرانا گھر ہے
جہاں شروع شروع میں ناصر کاظمی رہا کرتے تھے
اور لیڈی میکلےگن ہائی سکوُ ل ہے
جہاں دلیپ کمار کی پہلی محبّت ، کامنی کوشل
سنہ 1932 سے لے کر سنہ 1943 تک
اور بعد میں فریدہ خانم کی بیٹیاں پڑھا کرتی تھیں
ہاں تو ٹولنٹن مارکیٹ چوک سے
اگر آپ نئی انارکلی کی طرف نظر دوڑائیں
تو آپ کو ہر اتوار کی صبح اور باقی کئی دنوں کو بھی
بائیبل بُک سوسائیٹی کے باہر فٹ پاتھ پر لگے
پرانی کتابوں کے سٹالوں پر
جدید یورپی ادب، عالمی سیاست، تاریخ اور فلسفے کی
سستے داموں بِکتی پرانی کتابوں کی کھوج میں
ایک دُبلا پتلا اور بڑی بڑی سوچتی آنکھوں والا شخص دکھائی دے گا
یہ زاہد ڈار ہے ۔ ۔ ۔
شُنید ہے کہ اُسے ایک لڑکی سے پیار ہو گیا
اُس لڑکی نے کہا ۔ ۔ ۔
زاہد، کوئی نوکری ڈھونڈو اور میرے گھر والوں سے رشتہ مانگو
زاہد نے کہا
تم کیوں نوکری نہیں ڈھونڈتیں؟
کیا تم میرے پیار میں اِتنا بھی نہیں کر سکتیں؟
ضروری تو نہیں کہ میَں ہی نوکری کروُں ۔ ۔ ۔
اُس کے ابّا لدھیانہ میں سوشلسٹ لیڈر تھے
دوسری عالمی جنگ میں
ہندوستان کے نوجوانوں کی جبری بھرتیوں کے خلاف بولنے پر
برطانوی سامراج نے قید کر دیا تھا
وُہ سنہ 1945 میں جیل ہی میں وفات پا گئے تھے
اور اُسی سال زاہد کی آپا کو فلسفے میں ایم۔ اے۔ کرنے پر
ڈیڑھ سو روپے ماہانہ کی سرکاری نوکری مِل گئ تھی
جس سے وُہ تمام بہن بھائیوں کو پالنے میں لگ گئیں
ہندوستان کے بٹوارے کے بعد
یہ کنبہ کرشن نگر لاہور میں آن بسا
زاہد نے اسلامیہ سکول سے میٹرک کر لیا
گورنمنٹ کالج میں، سنہ 1952 میں
انیس ناگی اور صفدر میر اُس کے دوست بنے
ایف۔ اے۔ کا امتحان نہ دے کر
سنہ 1954 میں زاہد گورنمنٹ کالج سے نکل آیا
گھر والوں نے بہتیری کوششیں کی
کہ زاہد کوئی کام کر لے
مظفّرگڑھ کے محکمہ خوراک میں کلرکی سے لے کر
کراچی کی شیر شاہ کالوُ نی میں دوائیاں پیَک کرنے تک
ہر جگہ وُہ زیادہ دیر نہ ٹِک سکا
آخری نوکری سے سنہ 1958 میں وُہ
بیماری کی حالت میں لاہور لَوٹا
تھک ہار کر بڑی بہن نے سمجھوتہ کر لیا ۔ ۔ ۔
جہاں بیچاری آپا والد کی وفات کے بعد سے
چھوٹے بہن بھائیوں کو پال رہی تھیں
اپنی سرکاری نوکری سے
وہیِں پلے پلائے زاہد کی بھی کفالت کرنے لگیِں ۔ ۔ ۔
زاہد کو کتابیں پڑھنے کا خبط تھا
اور اپنی ڈائری میں نظمیں لکھنے کی عادت تھی
شروع شروع میں وُہ پابند نظمیں تھیں
جو بعد میں آزاد نظمیں اور پھر نثری نظمیں بنتی چلی گئیں
سنہ 1958 سے وُہ صفدر میر کے ساتھ
پاک ٹی ہاؤس اور کافی ہاؤس جانے لگا
جہاں اُس کی دوستی انتظار حسین اور ناصر کاظمی سے ہوئی
صفدر میر نے زاہد کی ڈائری کی کچھ نظمیں
محمّد حسن عسکری کے رسالے سات رنگ میں
مادھو کے قلمی نام سے چھپوا دیِں
اُن نظموں کی دھوُم مچ گئی
ناصر کاظمی نے سب کو مادھو کی اصلیت بتا دی
پھر زاہد نے اصلی نام سے وُہ نظمیں
سویرا میں چھپوائیں
زاہد کو ہمیشہ سے عورتیں پسند تھیِں
البتّٰہ کوئی ذہنی خلفشار ۔ ۔ ۔
کوئی سب کلینکل ڈیپریشن ۔ ۔ ۔
اُسے آگے بڑھنے اور ساتھی اپنانے سے روکتا رہا
اُس لڑکی سے بات کو آگے نہ بڑھا سکنے پر
زاہد نے سنہ 1958 سے 1968 تک
دس قیمتی سال شراب نوشی کی نذر کر دیے
سنہ 1968 میں پاک ٹی ہاؤس کی ایک معروف شاعرہ
کشور ناہید اور اُن کے شوہر یوسف کامران نے
زاہد پر توجہ دینا شروع کی
یہ دونوں جب بھی رات گئے
اپنے کرشن نگر والے گھر کو جاتے ہوئے
زاہد کو نشے میں دھُت
مال روڈ پر بھٹکتا دیکھتے
تو اُسے اصرار کر کے گاڑی میں بٹھا لیتے
اپنے ساتھ گھر لے آتے اور
کھانا کھِلا کر اُس کے گھر چھوڑ آتے
کشور ناہید کی ہمدردی نے زاہد کو
شراب ترک کرنے پر راضی کر لیا
سویرا رسالے میں نظمیں چھپنے کے بعد سے
زاہد ڈار لاہور کے پرانی کتابوں کے بُک سٹالوں سے
کتابیں خرید کر پڑھتا رہا
اور اپنی ڈائری میں نظمیں لکھتا رہا
ہوتے ہوتے کرشن نگر والے گھر میں
زاہد کے کمرے میں
چھت تک کتابیں ہی کتابیں چھا گئیں
اور بڑے ہو چُکے بہن بھائیوں کے بچّے
زاہد کو میاں چچا کہہ کر پُکارنے لگے
زاہد ڈار دائروں میں گھوُمتی زندگی بسر کرتا رہا
کمرے سے پرانی کتابوں کی دکانوں تک
پھر پاک ٹی ہاؤس تک
پھر جیل روڈ پر انتظار حسین کی کوٹھی کے کتب خانے میں
پھر واپس کرشن نگر
اپنے کمرے میں اور کتابوں کے درمیان ۔ ۔ ۔
اُس نے لکھا تھا ۔ ۔ ۔
بے زاری کی اِنتہا اور خوشی کی اِنتہا
ہر طرف دائرے ہی دائرے ہیں
حقیقت دائروں کے سِوا اور کچھ بھی نہیں
نہ ہونے سے ۔ ۔ ۔ نہ ہونے تک
یہ ایک دائرہ ہے
درمیان میں موجودگی ہے
اور وُہ ایک خلاء ہے ۔ ۔ ۔
اب میَں اپنے خوابوں کے سہارے زندہ ہوُ ں
کچھ دیر پہلے میَں زندہ تھا
یا شاید یہ بھی ایک خواب ہے ۔ ۔ ۔
مارچ 21 سنہ 2022 ٹورونٹو میں ، زاہد ڈار کے گزر جانے کے ایک سال بعد لکھی گئی۔
حوالہ جات: جولائی سنہ 2009 میں جنگ کے انگریزی ایڈیشن میں چھپا فرح ضیاء صاحبہ کا زاہد ڈار سے لیا آخیری انٹرویو جو کہ انتظار حسین کی جیل روڈ پر واقع رہائش گاہ کے کتب خانے میں لیا گیا۔
زاہد ڈار کی نظم دائرہ میں سے منتخب سطور، صفحہ 13 مجموعہ تنہائی، سنگ ِ میل پبلی کیشنز، اشاعت سنہ 1988، لاہور، پاکستان۔
ذمہ دار پاکستانی ناشروں سے استدعا ہے کہ زاہد ڈار کی ڈائریوں کو اُن کے اہل ِ خانہ سے حاصل کریں اور اُن میں درج نظموں کو شائع کروائیں ، اردو ای۔بُک کی صورت میں بیچیں اور جدید اُردوُ شاعری پر تحقیق کرنے والے ایم۔ اے۔ ایم۔ فِل اور پی۔ ایچ۔ڈی کے طلباء کے لیے اور دیگر قارئین کے لیے مہیّا کریں۔ اگر اورئینٹل کالج لاہور، پاکستان کی یونیورسٹیوں کے شعبہ ہائے اُردوُ کے صدوُر، پاکستان میں اردو ادب کے ٹھیکیدار وفاقی اور صوبائی اداروں اور کشور ناہید صاحبہ کو احساس ہو جائے تو زاہد ڈار کی غیر مطبوعہ شاعری کو ایک جامع کُلّیات کی صورت میں شائع کر وانے کے لیے تگ و دو کریں۔ وگرنہ پہلے کی طرح ہر سال شہر شہر لٹریری فیسٹیول اور بُک فئیر لگوانے، اِن میں شمولیت والی اپنی وڈیوز کو وائرل کروانے اور محلّوں میں خانہ دار خواتین کی ڈالی ہوئی بچت کمیٹیوں کی طرح کمیٹیاں ڈال ڈال کر اپنے اپنے ادبی دھڑوں اور ادبی مافیا گروہوں کے مشاعرے کروانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ وَ ما علینا الاالبلاغ ۔
فہمیدہ ریاض سنہ 1946 کے برطانوی ہند (برٹش انڈیا ) میں اُتّر پردیش کے شہر میرٹھ کے ایک ادبی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ تقسیم ِ ہند کے بعد یہ کنبہ پاکستان آیا اور سندھ کے شہر حیدرآباد میں آن بسا۔ فہمیدہ کے والد ریاض الدین احمد پاکستان آنے کے بعد صوبہ سندھ کے محکمہ ءِ تعلیم سے وابستہ تھے اور سندھ کے سکولوں میں جدید تعلیمی نظام کے لیے کام کر رہے تھے۔ جب فہمیدہ چار برس کی تھیں تو سنہ 1950 میں اُن کے والد اِس دنیا سے چل بسے اور فہمیدہ اور اِن کی بہن نجمہ کو والدہ نے پالا پوسا۔ فہمیدہ نے فارسی، سندھی اور اردو ادب کے بارے میں اپنے لڑکپن میں سیکھا۔ فہمیدہ نے 15 برس کی عمر میں سنہ 1961 میں اپنی پہلی نظم لکھی جسے احمد ندیم قاسمی نے اپنے ادبی جریدے فنون میں لاہور سے چھاپا۔
فہمیدہ ریاض نے سنہ 1966 میں بی۔ اے۔ کی ڈگری حاصل کی۔ اِس کے بعد اُنہوں نے ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے ملازمت شروع کی۔سنہ 1967 میں فہمیدہ ریاض نے گھر والوں کی پسند سے شادی کی۔ شادی کے دو ماہ بعد اُن کی شاعری کا پہلا مجموعہ پتھر کی زبان کراچی کے مشہور اردو ناشر ملک نورانی کے اشاعتی ادارے مکتبہ ءِ دانیال نے چھاپا۔ شادی کے بعد وُہ شوہر کے ساتھ لندن چلی گئیں جہاں اُنہوں نے فلم سازی میں ایک ڈپلومہ حاصل کیا اور بی۔بی۔سی۔ ریڈیو کی اُردو سروس میں ملازمت اختیار کی۔ اِس شادی سے ایک بیٹی، سارا ہاشمی پیدا ہوئی ۔ یہ شادی زیادہ دیر نہ چل سکی اور معاملہ طلاق تک پہنچا۔ قیاس ہے کہ بیٹی کو مطلقہ شوہر نے اپنے پاس رکھا اور اب سارا ہاشمی امریکہ میں قیام پذیر ہیں ۔
سنہ 1973 میں فہمیدہ ریاض واپس پاکستان آ گئیں۔ اُن کا دوسرا شعری مجموعہ بدن دریدہ سنہ 1973 ہی میں کراچی سے شائع ہؤا جس کی نظموں میں ایک نئی اور پُر اعتماد شاعرہ کی جھلک نظر آئی۔ اِس مجموعے میں نظموں کے موضوعات کا انتخاب اپنی جراءت میں باغیانہ حدوں کو چھوُ رہا تھا اور دوسری طرف الفاظ کا ماہرانہ چُناؤ اخلاق اور تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے ایک نئی اور جارہانہ زبان کو جنم دے رہا تھا جسے اِس سے پہلے اردو شاعری میں کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ اِس مجموعے کی بہت سی نظموں مثلاً گڑیا، مقابلہ ءِ حُسن اور اقلیمہ نے پاکستان کے ادبی ماحول کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اِس نئی شعری روایت نے پاکستان میں بہادر خواتین ادیبوں اور شاعرات کی ایک پوری کھیپ کو متاءثر کیا اور اِن سب خواتین لکھاریوں کی جد و جہد کو مزید جِلا بخشی۔ اِن پاکستانی عورتوں کی جنگ عورت کی آزادی کے لیے تھی۔ یہ لڑائی پاکستانی عورت کے معاشرتی مقام کے نئے سرے سے تعین کے بارے میں تھی اور اِس محاذ پہ فہمیدہ ریاض اُن کی ایک دلیر ساتھی بن کے اُبھریں ۔ فہمیدہ ریاض کا نام ایک استعارہ بن رہا تھا۔ اِن نئی لکھاری عورتوں میں سندھی شاعرہ عطیہ داؤد، پنجابی شاعرہ نسرین انجم بھٹی، اردو نثری نظم کی باغی شاعرہ سارا شگفتہ، افسانہ نگاروں میں فرخندہ لودھی، جمیلہ ہاشمی، ناول نگاروں میں زاہدہ حِنا (نہ جنوں رہا، نہ پری رہی) اور بہت سے دوسرے نام شامل ہیں۔
یہ سنہ ستّر کی دہائی کا آغاز تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی انقلابی سوچ رنگ لا چکی تھی اور ملک کے نوجوانوں میں ایک سیاسی بیداری جنم لے چکی تھی۔ فہمیدہ ریاض کے سیاسی نظریات بائیں بازو کی سوشلسٹ مارکسسٹ سوچ کی طرف مائل تھے اور وُہ مارکس کے نظام ِ معیشت، انسانی برابری، انسانی آزادی اور سرمائے کو شکست دے کر عوام کو خود مُختار بنانے کی حامی تھیں۔ اِسی جد و جہد کو آگے بڑھاتے ہوئے اور چھوٹے صوبوں کے سیاسی حقوق کے لیے لڑتے ہوئے اُن کی ملاقات ایک سندھی مارکسسٹ سیاسی کارکن ظفر علی اُجّن سے ہوئی جو پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن اور بعد میں بے نظیر بھٹو کے ایک قریبی ساتھی کے طور پر اُبھرے۔ کیونکہ فہمیدہ ریاض اور ظفر علی اُجّن کے سیاسی نظریات بہت حد تک مِلتے جُلتے تھے اِس لیے دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔ اِس شادی سے فہمیدہ کے دو بچّے پیدا ہوئے، بڑی بیٹی ویرتا علی اُجّن اور چھوٹا بیٹا کبیر علی اُجّن جو بعد میں جوانی میں سمندر میں تیرتے ہوئے فوت ہو گیا ۔
فہمیدہ اور ظفر نے مِل کر ایک رسالہ آواز نکالا جو عوام میں سیاسی بیداری پھیلانے کے لیے مضمون، انقلابی شاعری کے تراجم وغیرہ شائع کرتا تھا۔ شاعرہ عشرت آفرین نے بھی کالج کے زمانے میں اِس رسالے کے لیے کام کیا۔ سنہ 1977 میں فہمیدہ کا تیسرا شعری مجموعہ دھوپ شائع ہؤا جس کی نظمیں اکیلا کمرہ اور روٹی، کپڑا اور مکان مارشل لاء کے خلاف اور نئی سیاسی بیداری کے بارے میں تھیں۔ جب بھٹو حکومت کا تختہ اُلٹا گیا اور جرنیل ضیاءالحق نے مارشل لاء نافذ کیا تو سنہ 1981 میں رسالہ آواز کی اشاعت پر پابندی لگا دی گئی۔ فہمیدہ اور اُن کے شوہر پر پاکستان سے غدّاری کا مقدمہ قائم کیا گیا جس کی کچھ پیشیاں بھی فہمیدہ نے بھُگتیں۔ ظفر کو قید کر لیا گیا اور اِس سے پہلے کہ فہمیدہ بھی حراست میں لے لی جاتیں، کچھ ہمدرد دوستوں کی مدد سے فہمیدہ، اپنے دونوں بچوں ویرتا اور کبیر اور اپنی چھوٹی بہن نجمہ کے ساتھ بھارت مشاعرے میں شرکت کے بہانے سے پاکستان سے نکلنے اور دہلی، بھارت پہنچنے میں کامیاب ہو گئیں۔ پنجابی شاعرہ امرتا پریتم نے اندرا گاندھی سے سفارش کی اور یوں فہمیدہ کو بھارت میں سیاسی پناہ مل گئی۔ پاکستان میں اُن کے شوہر جرنیل ضیاء کی قید میں تھے۔ بعد ازاں بین الاقوامی سیاسی دباؤ کے بڑھنے پر جرنیل ضیاء کو ظفر اُجّن کو بھی رہا کرنا پڑا اور وُہ بھی بھارت آ گئے۔ فہمیدہ کے کچھ رشتے دار بھارت میں تھے اور اُنہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں ملازمت مل گئ۔ اپنی جلا وطنی کے دوران فہمیدہ کے تین شعری مجموعے شائع ہوئے۔ کیا تم پورا چاند نہ دیکھو گے ایک طویل نظم ہے جس میں پاکستان پر جرنیل ضیاءالحق کے مارشل لاء کے زہریلے اثرات کا بیان ہے۔ اپنا جرم ثابت ہے اور ہم رکاب دیگر مجموعے تھے جو جلاوطنی میں چھپے۔ یہ کنبہ سات برس جلا وطن رہا اور جرنیل ضیاء کے طیارہ حادثے میں مرنے کے بعد ہی سنہ 1988 میں پاکستان واپس آ سکا جہاں اِن کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
پاکستان آنے کے بعد سنہ 1988 میں فہمیدہ ریاض کی سنہ 1967 سے لے کر سنہ 1988 تک کی شاعری کو ایک کلیات کی صورت میں بہ عنوان میَں مٹّی کی موُرت ہوُں شائع کیا گیا۔ سنہ 1999 میں آدمی کی زندگی کے عنوان سے اُن کی سیاسی جد و جہد سے متعلق نظمیں چھاپی گئیں۔ سنہ 2011 میں سنگ ِ میل پبلی کیشنز لاہور نے اُن کی کلیات سب لعل و گہر کے عنوان سے شائع کیں جس میں سنہ 1967 س لے کر سنہ 2011 تک کا کلام شامل تھا اور یہ کلیات ادبی ویب سائٹ ریختہ پر الیکڑانک کتاب (ای۔ بُک ) کے طور پر مفت پڑھی جا سکتی ہے۔ کچھ سالوں سے وُہ شدید علیل تھیں جس کی وجہ سے اُن کا فیس بُک اکاؤنٹ بھی خاموش ہو چکا تھا۔ آخری چند سالوں میں ایک نیا شعری مجموعہ موسموں کے دائرے میں تیار کیا جا رہا تھا مگر اُنہیں اِسے مکمل کرنے کی مہلت نہ مل سکی۔ اُن کے جانے سے جدید اُردو شاعری اور پاکستانی شاعری ایک اہم اور دلیر آواز سے محروم ہو گئی ۔